پاکستان میں پہلا ’اسلامی‘ گدا متعارف
پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کے ناموں کے ساتھ لفظ اسلامی تو پہلے بھی سننے میں آتا تھا لیکن اب ایک ایسا گدا بھی بازار کی زینت بن چکا ہے جسے اسلامی گدے کا نام دیا گیا ہے۔
بستر سازی کی صنعت میں سب آگے نکل جانے کا عزم لیے گدے بنانے والی ایک معروف کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک ’اسلامی‘ گدا متعارف کرایا ہے جو ایسے افراد کے آرام کیلئے تیار کیا گیا ہے جو اسلامی اصول اپناتے ہوئے دائیں کروٹ یا پشت کے بل سوتے ہیں۔
کمپنی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ یہ گدا ایسے لوگوں کے لئے معاون ثابت ہوگا جو سوتے وقت اسلامی طریقہ کار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دائیں جانب سونے سے دل اوپر کی جانب رہتا ہے جس سے فجر کی نماز پڑھنے کی غرض سے طلوع آفتاب سے قبل جاگنے میں مدد ملتی ہے۔
اس گدے کے حوالے سے ایک تصویر اور مختصر تفصیل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے تاہم افسر کا کہنا ہے کہ اس تشہیر سے کمپنی کا کوئی تعلق نہیں۔
سائنسی بنیاد پر تیار کردہ یہ مذکورہ گدا ہر قسم کی جسامت کیلئے موزوں اور اسلامی اصولوں کے عین مطابق ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ پر اس گدے کی تفصیل مشتہر کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیدھی کروٹ سونے سے معدے اور آنت کے وزن سے دل دبتا نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگر بائیں کروٹ یا اوندھے منہ سویا جائے تو ان کی کمپنی کا گدا دوسرے گدوں کے برخلاف ایسی کیا رکاوٹ پیدا کرتا ہے جس سے سونے والا صرف سیدھی کروٹ یا پشت کے بل ہی سوئے۔