کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، پولیس افسر شہید

کراچی کے علاقے جٹ لائنز میں نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کرکے پولیس افسر کو شہید کردیا۔
پولیس کے مطابق شہید کی شناخت اے ایس آئی 50 سالہ غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول آرٹلری میدان تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے۔
مقتول غلام محمد لائنز ایریا کے رہائشی تھے اور واقعہ کے وقت لائنز ایریا میں ہی پان کے کیبن کے باہر کھڑے تھے، جہاں ملزم ان کے پاس آیا اور نام پوچھنے پر انہیں گولی مار کر فرار ہوگیا۔ فائرنگ سے غلام محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم موٹر سائیکل پر سوار تھا۔ عینی شاہدین کا مزید کہنا ہے کہ ملزم فائرنگ کے بعد اہل کار کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گیا۔
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے، جب کہ پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔