بلوچستان: آن لائن کلاسز سے متعلق رپورٹ جمع کرانےکا حکم

بلوچستان ہائیکورٹ نے آن لائن کلاسز سے متعلق کمیٹی کو آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
بلوچستان میں آن لائن کلاسز کے اجراء کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مختلف جامعات نے آن لائن کلاسز کی بندش کی بجائے امتحان کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ امتحانی شیڈول جاری ہونے سے طلباء و طالبات میں تشویش پائی جاتی ہے، جس پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ آن لائن کلاسز کے طریقہ کار طے کرنے کے لئے قائم حکومتی کمیٹی نے کیا کام کیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالےسے باضابطہ میٹنگ کیں اور لائحہ عمل طے کیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، جامعات کی کمیٹی کےفیصلوں سے متصادم پالیسی کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے۔
آن لائن کلاسز کےاجراء کےخلاف آئینی درخواست کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔