پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کابیان،پیپلزپارٹی کی دونوں ایوانوں میں غلام سرورکیخلاف تحریک استحقاق

پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے بیان پر پیپلزپارٹی نے وفاقی غلام سرور خان کیخلاف تحریک استحقاق جمع کروادی ہے۔
تحریک استحقاق سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مصطفی کھوکھر اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے پیش کی۔
تحریک استحقاق سینیٹ کے قوائدوضوابط 2012 کے رول 71 کے تحت پیش کی گئی۔پیپلزپارٹی کی جانب سےجمع کروائی گئی تحریک استحقاق میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیرغلام سرورخان نےایوان میں 30 فیصد پائلٹس کی ڈگریاں کے جعلی ہونے کا بیان دیا تھا، سول ایوی ایشن نےتمام پائلٹس کی ڈگریوں کو درست قرار دیا ہے۔
تحریک استحقاق میں کہا گیا ہے کہ وزیرِہوابازی اور ڈی جی ایوی ایشن نے پائلٹس کے جعلی لائسنسز کے اہم معاملے پر مکمل طور پر متضاد بیانات دیئے،وزیرہوابازی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اور ایوان میں واضح موقف پیش کرنے میں ناکام رہے۔
پیپلزپارٹی کاموقف ہےکہ وفاقی وزیرکے بیان سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی اورپاکستان پرمختلف ممالک کی جانب سے فضائی پابندیاں لگائی گئی جس سےملک کونقصان ہوا۔استدعا کی گئی ہے کہ ایوان میں غلط بیانی پر وفاقی وزیر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
