پاکستان کشمیریوں کیساتھ ہے،حق آزادی کیلئے لڑتے رہینگے،وزیراعظم

اقوام متحدہ قرارداد پر عمل کرائے
فائل فوٹو: قوم سے خظاب کے دوران کا ایک منظر

 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ان کی آزادی کا حق دلانے کیلئے لڑتے رہیں گے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر یوم کشمیر سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، سلامتی کونسل بھی کشمیریوں کاحق خودارادیت تسلیم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی حکومت اور ان کے وحشیانہ اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد حق خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ہم جانتے ہیں وہ وقت دور نہیں جب انصاف کا بول بالا ہوگا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کشمیری آج 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد اس عہد کی تجدید کرنا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور اس کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رہے گی۔ 

مقبوضہ وادی میں کشمیری بھارتی ناجائز تسلط سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے برسرپیکار ہیں، انیس جولائی 1947 کو کشمیریوں نے نظریاتی طور پر پاکستان سے رشتہ جوڑ کر الحاق کا فیصلہ کیا۔

آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس کے دوران کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کی گئی۔ تاریخی قرارداد میں ریاست جموں وکشمیر کے پاکستان سے مذہبی، جغرافیائی، ثقافتی اور معاشی رشتوں کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ الحاق پر زور دیا گیا۔

کشمیری اس دن اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ الحاق تک تحریک جاری رکھی جائے گی۔

uno

PM IMRAN KHAN

Tabool ads will show in this div