کراچی : ناردرن بائی پاس پر منگھوپیر کے قریب پولیس مقابلے میں آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، مقابلے میں ایس ایچ او بھی زخمی ہوا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
ایس ایس پی راؤ انوار کی سرابرہی میں پولیس اہل کار ناردرن بائی پاس کے قریب منگھوپیر کے علاقے میں دہشت گردوں پر قہر بن کر نازل ہوئے، خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے جب مشکوک جگہ کو گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے گھبرا کر پولیس پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کردی، مقابلے میں گولیاں لگنے سے ایس ایچ او منگھوپیر سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اور موبائل پر دستی بم حملہ بھی کیا گیا، جس سے موبائل کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، مقابلے کے بعد میڈیا سے گفت گو میں ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا تھا کہ مرنے والے دہشت گردوں میں سے پانچ کی شناخت مکمل ہوگئی، ہشت گردوں کے نام اسحاق، صدام، عرفان اسماعیل اور شریف تھے۔
ہلاک دہشت گرد محرم الحرام میں بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، دہشت گرد کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں، مرنے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کراچی چیپٹر سے تھا۔
ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق دہشت گرد عرفان کا تعلق القاعدہ سے ہے، جب کہ دہشت گرد صدام حسین عباس ٹاؤن دھماکے میں بھی ملوث تھا۔ جب کہ دہشت گرد شریف کا تعلق بنوں سے ہے۔ سماء