شاہ محمودقریشی پر الزامات، احمد حسین کو شوکاز نوٹس جاری

پی ٹی آئی رکن نے وزیرخارجہ پرکرپشن کاالزام لگایا تھا
SHAH MEHMOOD QURESHI, PTI, AHMED HUSSAIN

تحريک انصاف کے ایم این اے احمد حسين ڈيہڑ کو شاہ محمود قریشی پر الزامات لگانا مہنگا پڑگيا، سماء کو ديئے گئے انٹرويو پر رکن قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرديا گيا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے چند روز قبل سماء کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر کرپشن کا الزام لگایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ جتنی کرپشن ملتان ميں ہورہی ہے تاريخ ميں نہيں ہوئی اور اس کا ذمہ دار شاہ محمود قریشی ہے۔

احمد حسین نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا تھا کہ  آپ ارد گرد کہہ رہے ہيں کرسی کا خواہشمند تو خان صاحب کے ساتھ بيٹھتا ہے، شاہ محمود قریشی کی قومی اسمبلی ميں تقرير چور کی داڑھی ميں تنکا تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے وائس چيئرمين پر سنگين الزامات لگانے پر رکن قومی اسمبلی احمد حسين کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

احمد حسین نے انٹرويو ميں شاہ محمود قريشی کے ساتھ ديگر وزراء پر بھی تنقيد کی تھی، انٹرویو کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی آئی کی ڈسپلن کمیٹی نے اظہار وجوہ کا نوٹس بھجوا ديا۔

نوٹس ميں کہا گيا ہے کہ بطور رکن قومی اسمبلی احمد حسين کا رويہ پارٹی پالیسی اور آئين کی خلاف ورزی ہے۔ احمد حسين کو اپنا مؤقف پيش کرنے کیلئے 15 جولائی کو سب کمیٹی ميں پيش ہونے کی ہدايت کی گئی ہے۔

PTI

Ahmed Hussain

Tabool ads will show in this div