نیپال نے تمام نجی بھارتی نیوز چینلز پر پابندی لگادی

نیپال مخالف پروپیگنڈے پر فیصلہ کیا گیا

نیپال نے بھارت کی جانب سے مذموم پروپیگنڈے کے ردعمل میں ملک میں تمام بھارتی نجی نیوز چینلز کی نشریات پر پابندی عائد کردی ہے، صرف دور درشن کی نشریات جاری رہے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال کے کیبل آپریٹرز نے ملک میں بھارتی نیوز چینلز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپال حکومت نے سرکاری طور پر بھارتی نیوز چینلز کی نشریات روکنے کا حکم نہیں دیا۔

نیپال کے ملٹی سسٹم آپریٹر (ام ایس او) کے صدر، غیر ملکی چینل کے ڈسٹری بیوٹر دنیش سبیدی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم نے تمام بھارتی نیوز چینلز کی نشریات روک دی ہے، کیونکہ وہ نیپال کے قومی جذبات کو مجروح کرنیوالی خبریں دکھا رہے تھے۔

یہ اقدام بعض بھارتی نجی نیوز چینلز کی طرف سے نیپال کے بارے میں چلائی جانے والی بے بنیاد رپورٹوں کے بعد کیا گیا ہے، جن میں نیپالی وزیراعظم کی چینی سفارتکار سے ملاقات کے حوالے سے تضحیک آمیز پروگرام بھی شامل ہیں۔

بھارتی ٹی وی چینلز کی نشریات بند کرنے کے فیصلے سے قبل نیپال کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان نرائن کاجی شریشتا نے نیپال اور اس کی حکومت کیخلاف غیراخلاقی رپورٹس پر بھارتی ذرائع ابلاغ کی مذمت کی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا سب حدیں پار کرگیا ہے، اسے فوری بند ہونا چاہئے۔

نیپال کی پارلیمنٹ کی طرف سے 3 متنازع علاقوں کو ملک کے نقشے میں شامل کرنے کیلئے کی جانیوالی ترمیم کی منظوری کے بعد سے دونوں ممالک میں سفارتی محاذ گرم ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب بھارتی نیوز چینلز کو نیپال میں بند کیا گیا ہے، اس سے قبل 2015ء میں بھی نیپال کیبل ٹی وی آپریٹرز نے معاشی ناکہ بندی کیخلاف ہندوستانی ٹیلی ویژن چینلز کو بند کیا تھا۔

Tabool ads will show in this div