پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ

فی تولہ سونا مزید 800روپے، فی اونس 12ڈالر مہنگا
Jul 09, 2020

پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے، نرخ مزید 800 روپے اضافے سے نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 9 ہزار 100 روپے پر پہنچ گئے، انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس قیمت بھی 12 ڈالر اضافے سے 1814 ڈالر ہوگئے۔

پاکستان میں 3 روز کے دوران سونے کے فی تولہ نرخ 4200 روپے بڑھ گئے،  جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 38 ڈالر مہنگا ہوگیا۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق آج (جمعرات 9 جولائی کو) سونے کی فی تولہ قیمت مزید 800 روپے اضافے سے ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 9 ہزار 100 روپے پر پہنچ گئی، دس گرام قیمت 686 روپے اضافے سے 93 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونا 12 ڈالر اضافے سے فی اونس نرخ 1814 ڈالر کا ہوگیا، کاروبار کے دوران ایک موقع پر عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ 1820 ڈالر پر پہنچ گئے تھے۔ 2011ء میں عالمی مارکیٹ میں سونا 1900 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک چلا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے درآمد نہ ہونے کے باعث سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے، مشکل حالات میں سونے میں سرمایہ کاری کو ہمیشہ سے ہی محفوظ تصور کیا جاتا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھ گئیں۔

Gold Rate

Tabool ads will show in this div