سوات:شادی سے انکار پر خاتون نے مرد کو قتل کردیا

ملزمہ گرفتار
Jul 02, 2020

ضلع سوات کے علاقہ بریکوٹ کے مینابازار میں خاتون نے شادی سے انکار پر دن دہاڑے کپڑے کے تاجر کو گولی مارکر قتل کردیا۔

ایس ایچ او تھانہ غالیگے اختر ایوب کے مطابق بریکوٹ کے مینا بازار میں ملزمہ 30 سالہ نیلم نے کپڑے کی دکان میں گھس کر 32 سالہ تاجر حسین علی ولد محمد حسین کو گولی مار کر قتل کردیا۔

ملزمہ واردات کے بعد فرار ہورہی تھی کہ راستے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کرکے پستول برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ اور مقتول کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے تعلقات تھے۔ ملزمہ کے مطابق مقتول نے اس کے ساتھ شادی کا وعدہ کیا تھا اور بعد میں اپنی بات سے مکر گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ طلاق یافتہ ہیں جبکہ مقتول شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ تھا۔

تھانہ غالیگے پولیس نے خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

Tabool ads will show in this div