پی ٹی آئی ہربحران کوتباہی میں بدل دیتی ہے، بلاول

حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی
Jul 01, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے حکومت پر بڑا الزام لگا ديا، کہتے ہيں وہ محسوس کرتے ہيں کہ حکومت ان کے والد آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی ہر بحران کو تباہی میں بدل دیتی ہے، عمران خان صرف ٹویٹر اور فیس بک کے وزیراعظم ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کو کرونا، معیشت اور سیاست پر مناظرے کا چیلنج بھی دے ڈالا۔

لاہور ميں نيوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ساری دنيا جانتی ہے کہ آصف زرداری عليل ہيں ليکن يہ چاہتے ہيں کہ وہ عدالت ميں پيش ہوں اور انہيں کرونا لگ جائے، يہ بزرگوں کا بھی لحاظ نہيں کرتے، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ کس حد تک جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت آصف زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے، آپ جانتے ہيں کہ انہوں نے مياں نواز شريف کے ساتھ کيا کيا؟، آصف علی زرداری پر کرپشن کے 2 کيسز ہيں، ايک کيس ميں عدالت کووڈ 19 کی وجہ سے پیشی سے استثنیٰ دے دیتی ہے، دوسرے کيس ميں عدالت کہتی ہے کہ انہيں ہرحال ميں پيش ہونا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صرف ٹویٹر اور فیس بک کے وزیراعظم ہیں، انہوں نے مودی کیلئے الیکشن مہم چلائی، بجٹ سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی گئیں، کرونا کو زبردستی پھیلایا گیا، حکومت معاملات بگاڑ رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو معيشت، کرونا اور سياست پر مناظرے کا چیلنج بھی دے ڈالا۔ بولے کہ کچھ بھی ہوجائے حکومت کو ٹف ٹائم ديتے رہيں گے، ہم ان حکمرانوں کی کردار کشی کرتے رہيں گے، عمران خان اس وقت اسمبلی میں تقریر کرتے ہیں جب ہم وہاں نہیں ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ ملک کو ایک بار پھر ون یونٹ کی طرف لے جانا اور ہم سے 1973ء کا آئین چھیننا چاہتے ہیں۔ بلاول کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے پائلٹس کے ساتھ جو کچھ کیا وہ ناانصافی اور نامناسب ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے احساس پروگرام کو فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر متاثرین کو طے شدہ رقم نہیں ملی، یہ حکومت محض کٹھ پتلی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کو ناکام بنانے پر سندھ پولیس اور رینجرز کو سراہا۔ ان کا کہنا ہے کہ شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے شہداء اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ صوبے کی صورتحال میں بہتری سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث آئی، یہ ہر پاکستانی کا فخر ہیں۔

IMRAN KHAN

bilawal bhutto zardari

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div