مزید 6پاکستانی کرکٹرزکا کرونا ٹیسٹ منفی، انگلینڈ جانے کے اہل

حفیظ، فخر، وہاب، رضوان، حسنین اور شاداب شامل ہیں

پاکستان کے مزید 6 کرکٹرز کرونا وائرس ٹیسٹ دوسری بار منفی آگئے، محمد حفیظ، فخر زمان سمیت تمام کھلاڑی انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کرسکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض کا 3 روز کے دوران دوسری بار کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، جس کے بعد یہ کھلاڑی وورسٹرشائر انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کو جوائن کرسکتے ہیں۔

بورڈ کے مطابق ان تمام کھلاڑیوں کا پہلا ٹیسٹ 26 جون کو کیا گیا تھا جس کے نتائج منفی آئے، دوسرا ٹیسٹ گزشتہ روز 29 جون کو لیا گیا جس کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔

ابتداء میں اپنے شہرون میں کرائے گئے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ نہیں بھیجا گیا تھا۔ کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ آئندہ طبی ٹیسٹوں کے نتائج کو دیکھ کر ہی ان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اب ان کھلاڑیوں کے سفری انتظامات کرے گا جس کے بعد ان کی برطانیہ روانگی کی تفصیل جلد شیئر کی جائے گی۔

انگلینڈ جانیوالے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کو 14 روز کیلئے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جہاں وہ 13 جولائی سے پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

دورۂ انگلینڈ پر موجود قومی ٹیم کو اگست اور ستمبر کے دوران میزبان انگلینڈ کیخلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہیں۔

ENGLAND

Tabool ads will show in this div