اسامہ بن لادن شروع سے آخرتک دہشتگرد تھا، خواجہ آصف

وزیراعظم کے اسامہ کوشہید کہنے پر ن لیگی رہنماء برہم
Jun 25, 2020

خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن شروع سے آخر تک دہشت گرد تھا، اس نے ميرے وطن کو برباد کيا۔ لیگی رہنماء نے وزيراعظم کو ٹی وی چينل پر مناظرے کا چیلنج بھی دے دیا۔ بولے کہ وزیراعظم کیی تقرير اور زبان دونوں فرمائشی تھے، ہماری ايکسپورٹ تو کچھ نہيں ليکن کرونا مريض ايکسپورٹ کررہے ہيں۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے اسامہ بن لادن کو پاکستان میں شہید کردیا، ہمیں بتایا بھی نہیں گیا، اس سے زیادہ ذلت کیا ہوگی۔

القاعدہ رہنماء اسامہ بن لادن کو پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 2 مئی 2011ء کو ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کے خفیہ آپریشن میں قتل کردیا گیا تھا۔

وزيراعظم عمران خان قومی اسمبلی اجلاس سے اپوزيشن ارکان کی تقارير سے پہلے چلے گئے تو مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف نے خوب بھڑاس نکالی اور کہا کہ ہمت پيدا کريں، ہماری تقرير بھی سنيں۔

انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن شروع سے آخر تک دہشت گرد تھا، اس نے میرے وطن کو برباد کیا، وزیراعظم کی تقرير فرمائشی تھی جو کسی اور کو سنانے کیلئے کی گئی، وزيراعظم نے آج معذرت خواہانہ رويہ اختيار کيا۔

ن لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ جب کابينہ ميں وزير ايک دوسرے کی پگڑی اچھال رہے ہوں تو لہجے ميں نرمی آہی جاتی ہے۔ انہوں نے وزيراعظم کو ٹی وی چينل پر مناظرے کا چیلنج بھی دیتے ہوئے کہا کہ دو سال ہوگئے عمران خان نے ايوان کو تاريخ ميں سب سے کم وقت ديا، رانا ثناء اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا، جہانگیر ترین کو باہر بھیج دیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہماری ايکسپورٹ تو کچھ نہيں ليکن کرونا مريض ايکسپورٹ کررہے ہيں۔

Tabool ads will show in this div