کرنسی اسمگلنگ کیس؛ ایان علی کی پھر بچت ہوگئی
راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی نے بریت کی درخواست دائر کر دی، جس کے باعث فرد جرم آج بھی نہ لگ سکی۔ دوران سماعت، ایان علی کے وکیل، لطیف کھوسہ کا جارحانہ رویہ، جج سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ڈالر گرل ایان علی کی ایک اور کورٹ واک، آنکھوں پر سیاہ چشمہ پرانا مگر لباس کا اسٹائل ہمیشہ کی طرح نیا، بریت کی درخواست نے فرد جرم سے بچا لیا۔
کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت کے روبرو سپر ماڈل کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کی گئی، پبلک پراسیکیوٹر نے درخواست پر آج ہی بحث کیلئے آمادگی کا اظہار کیا، ایان علی کے وکیل، لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ پراسیکیوٹر درخواست پڑھے بغیر کیسے بحث کریں گے۔
کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب نے لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ تاریخیں لینا چاہتے ہیں، اپنے رویئے سے خود کو سینئر ثابت کریں، لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سینئر وکلا کا ماتحت عدالتوں میں آنا ہی غنیمت ہے، کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی، منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت بھی اسی روز ہو گی۔ سماء