لاڑکانہ:ایس آئی یوٹی ڈائلیسزیونٹ کاآغاز جلد متوقع

یہ تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں
فوٹو: ایس آئی یو ٹی
فوٹو: ایس آئی یو ٹی

سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یو ٹی ) اپنے لاڑکانہ ڈائلیسزیونٹ میں گردے کے مریضوں کو ڈائلیسزکی سہولیات جلدفراہم کرنا شروع کردے گی ۔ اس یونٹ سےلاڑکانہ اور اس سے ملحقہ وسیع علاقےکو طبی ریلیف فراہم ہوگا۔ توقع کی جاتی ہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں یہاں پر طبی سہولیات شروع کر دی جائیں گی جہاں سالانہ بنیادوں پر 950مریضوں کے تقریباً ایک لاکھ ڈائلیسز سیشن ہوسکیں گے۔

یہ یونٹ سکھر کے ایس آئی یو ٹی چھبلانی میڈیکل سینٹر کا توسیعی حصہ ہے  اور اپنےآخری مراحل میں ہے اور اس بات کی توقع کی  جاتی ہے کہ تمام تکنیکی اور متعلقہ ضروری سہولیات کے کام معینہ وقت میں مکمل ہوجائیں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق ریورس اوسموسس کے ذریعہ پانی صاف کرنے کے نظام کی تنصیب مکمل ہو چکی   ہے اوریہ ہفتے بھر میں استعمال کے قابل ہوجائے گا۔اس کے علاوہ  نکاسی آب کا نظام جو کہ لوکل گورنمنٹ کا منصوبہ ہے حتمی مراحل میں ہے۔اس یونٹ میں12  ڈائلیسز مشینیں ہیں جوکہ دو ہفتوں کے لئے ٹرائل ٹیسٹنگ پر ہیں جبکہ انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے لئےمانیٹرز کی تنصیب کا کام جاری ہے ۔ اس کے علاوہ ریڈیولوجی اور پیتھالوجی کی سہولیات بھی آخری مراحل میں  داخل ہو چکی ہیں۔

 یہ یونٹ ایس آئی یو ٹی سکھر کی ایک  شاخ ہوگی ،واضح رہے کہ ایس آئی یوٹی سکھر میں ہر سال مریضوں کے لئے آؤٹ پیشنٹ خدمات ، آپریشن تھیٹر، 24 گھنٹے ڈائلائسز یونٹ ، لیتھو ٹریپسی ، لیبارٹری اور ریڈیا لوجی خدمات کے ساتھ ہزاروں مریضوں کو پچھلے ایک عشرے سے زائد عرصے میں مفت علاج فراہم کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی ملک کا سب سےبڑا پبلک سیکٹر ڈائلیسز نیٹ ورک ہے جو سندھ میں61فیصد ڈائلیسز مریضو ں کی ضرورت پوری کرتا ہےاور ہرسال تقریبا 8 ہزار گردے ناکارہ  ہونے والے مریضوں کو یہاں  بالکل مفت ،اعلیٰ و معیاری ڈائلیسز کی   تمام سہولیات  فراہم کی جاتی ہیں۔ ایس آئی یو ٹی کی یہ تمام سہولیات کراچی اور سکھر کے مختلف سیٹلائٹ یونٹوں اور مرکزی اسپتالوں میں فراہم کی جارہی ہیں اور گذشتہ سال 394000 سے زائد ڈائلیسزسیشن ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ  نجی اسپتال میں ایک ڈائلیسز سیشن کی عام لاگت تقریباً 3000 سے 5000 روپے تک ہوتی ہے جبکہ ایس آئی یو ٹی میں مریضوں کو یہ تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

Tabool ads will show in this div