سندھ:کروناکے مزید30 مریض جاں بحق، کل اموات 916 ہوگئیں

عوام سے احتیاط کی اپیل

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 30 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں اس وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار جانے والوں کی کل تعداد 916 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ نے بدھ کو اپنے یومیہ بیان میں کرونا وائرس کی اپ ڈیٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 10 ہزار 212 ٹیسٹ کئے گئے جس کے نتیجے میں مزید 2 ہزار 115 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرونا کے اب تک  3 لاکھ 29 ہزار 443 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جس کے نتیجے میں 59 ہزار 983 مثبت کیسز سامنے آئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 448 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 29 ہزار 693 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ مزید 30 مریض انتقال کرگئے جس سے اس وائرس کے باعث لقمہ اجل بن جانے والے افراد کی کل تعداد 916 ہوچکی ہے۔

صوبے میں کرونا کے ایکٹیو کیسز تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ مریضوں کی تعداد 29 ہزار 374 ہے جن میں سے 27 ہزار 824 گھروں میں ہیں جبکہ 67 آئسولیشن سینٹرز میں اور ایک ہزار 483 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔ ان مریضوں میں سے 626 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 94 مریض ایسے ہیں جنہیں وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2 ہزار 115 نئے کیسز میں  سے ایک ہزار 423 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں سے کراچی ضلع شرقی سے 437، ضلع جنوبی 402، ضلع وسطی 198، کورنگی 150، ضلع غربی 126 اور ملیر سے 110 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گھوٹکی میں 55، لاڑکانہ 41، خیرپور 33، میرپور خاص32، کشمور 30، حیدرآباد 24، نوشہروفیروز 15، جامشورو13، بدین 12، ٹھٹھہ 9، قمبر 9، عمر کوٹ 7، شہید بے نظیر آباد 7، جیکب آباد 7، شکار پور 4، ٹنڈو  محمد خان 3، سانگھڑ 3 اور دادو میں 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز  پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

Tabool ads will show in this div