کرونادوبارہ پھیلنے پر بیجنگ ایئرپورٹ سے 70فیصد پروازیں معطل

تعلیمی ادارے بند
Jun 17, 2020

چین کے دارالحکومت میں کرونا وائرس کی تازہ لہر کے بعد تعلیمی ادارے بند اور بیجنگ ایئرپورٹ سے 70 فیصد پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

چین کے سرکاری اخبار دی گلوبل ٹائمز کے مطابق مجموعی طور پر 1225 پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ پروازیں بیجنگ کے دو ہوائی اڈوں سے چل رہی تھیں۔ یہ تعداد دونوں ہوائی اڈوں پر طے شدہ مجموعی پروازوں کا 70% ہے۔

بیجنگ کے میئر نے بدھ کو کہا تھا کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں کرونا وائرس کے 31 نئے کیسوں کا اندراج ہوا اور چھ روز میں بیجنگ میں اس وبا کے 137 متاثرین کا انکشاف ہوا ہے۔

حکام نے شہر میں تقریبا 30 رہائشی کمپاؤنڈ میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے اور اس دوران ہزاروں افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ بیجنگ کی بلدیہ نے گذشتہ روز خبردار کیا تھا کہ صورت حال بہت خطر ناک ہے۔

بیجنگ میں اس وقت روزانہ 90 ہزار افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔

Tabool ads will show in this div