کے ایم سی کا ایمپریس مارکیٹ میں انسداد تجاوزات آپریشن

غیرقانونی ٹھیلے اور پتھارے ہٹادیئے گئے
Jun 16, 2020

کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے محکمہ انسداد تجاوزات نے منگل کو ایمپریس مارکیٹ کے اندر اور باہر تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا۔

میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر ایمپریس مارکیٹ میں کے ایم سی محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کی زیر نگرانی آپریشن کیا گیا، جو لاک ڈاؤن کے دوران کے ایم سی کا سب سے بڑا آپریشن تھا۔

کے ایم سی کے عملے نے ایمپریس مارکیٹ کے اندر اور باہر ٹھیلے، پتھارے، کیبن، پھل اور سبزی فروشوں کے اسٹال ہٹادیئے۔ آپریشن کے دوران عملے کے ساتھ علاقہ پولیس بھی موجود تھی۔

کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کے اندر یا باہر کسی کو بھی اسٹال، کیبن لگانے اور کسی بھی طرح کی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر میں انسداد تجاوزات آپریشن ریگل، موبائل مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا۔

کے ایم سی کی جانب سے صدر ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں انسداد تجاوزات کا بڑا آپریشن 2018ء میں شروع کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ پاکستان نے ہدایت کی تھی کہ ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے مارکیٹ کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

Tabool ads will show in this div