وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کیلئے پرجوش

سینٹرل کنٹریکٹ نہیں پاکستان کیلئے کھیلنا ضروری ہے، وہاب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کیلئے پرجوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میری اولین ترجیح اپنے ملک کی نمائندگی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری یوٹیوب اور ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری ویڈیو کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ پی سی بی سے مجھ سے ٹیسٹ میچز کیلئے متبادل کی بنیاد پر دستیابی سے متعلق رابطہ کیا، جس پر میں نے فوری طور پر ہاں کہہ دیا، میرا اولین مقصد پاکستان کیلئے کھیلنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ سیریز کیلئے ٹیم میں منتخب ہونے پر بہت خوش ہوں، پاکستان کیلئے کھیلنا ضروری ہے، سینٹرل کنٹریکٹ نہیں، کارکردگی دکھاؤں  گا تو اگلے سال سینٹرل کنٹریکٹ بھی مل سکتا ہے۔

وہاب ریاض نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی مشکل ہوگی لیکن ملک کو اس وقت ضرورت ہے، میں اپنے 12 سالہ کیریئر میں میچز کی تعداد سے مطمئن نہیں، پاکستان میں فاسٹ بولرز میں ہمیشہ سے ہی بہت مقابلہ رہا ہے، اگر پی سی بی مجھے مزید ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کیلئے کہے گا تو کھیلوں گا۔

فاسٹ بولر نے واضح کیا کہ میں نے مکمل طور پر ٹیسٹ کرکٹ نہیں چھوڑی تھی، صرف کچھ وقفہ دیا تھا، یہ ٹور ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا بھر میں کرونا وائرس پھیلا ہوا ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کو بھی بہت سی پابندیوں کا سامنا ہوگا۔

گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی سے متعلق انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بولرز تھوک کے بجائے پسینے سے بھی گیند کو چمکا سکتے ہیں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز دیکھ کر بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، ہمارے چاروں کوچز بہت تجربہ کار ہیں، ہم سب مل کر ایک دوسرے کی مدد کریں گے، پی سی بی صرف ادارہ ہی نہیں بلکہ فیملی ہے اور ہم اس فیملی کے بچے ہیں، موجودہ صورتحال میں پی سی بی نے تمام احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا ہے۔

پاکستانی پیسر کا مزید کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہمیشہ سے ہی پاکستانی کھلاڑی اچھا پرفارم کرتے ہیں، ٹیم میں شمولیت کیلئے اس مرتبہ خواب نہیں فون آیا تھا، پاکستان کیلئے ریڈ بال کرکٹ کھیلنا چیلنج ہوگا جس کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔

ENGLAND

Tabool ads will show in this div