اپنی زبان قابو میں رکھو، شمالی کوریا کی امریکا کودھمکی

اپنے معاملات پرتوجہ دے یاخوفناک تجربے کیلئے تیاررہے، پیانگ یانگ
Jun 11, 2020

شمالی کوريا نے امريکا کو دھمکی دیدی، پيانگ يانگ نے خبردار کيا ہے کہ امريکا دوسروں کے معاملے ميں اپنی ناک نہ گھسائے، اپنی زبان کو لگام دے اور اپنے اندرونی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز رکھے۔

شمالی کوريا کی وزارتِ خارجہ ميں امريکی امور کے ڈائريکٹر جنرل کوآن جونگ گون نے کہا ہے کہ اگر امريکا اپنے ملک کی بدترين سياسی صورتحال کے باوجود دوسروں کے اندرونی معاملات ميں ناک گھساتا اور غير محتاط تبصرے کرتا رہے گا تو اسے کچھ ایسی ناخوشگوار چيزوں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے جس سے نمٹنا بہت مشکل ہوگا۔

کوآن گون نے يہ بھی کہا کہ امريکا اپنی زبان کو لگام دے کيونکہ يہ نا صرف امريک مفادات بلکہ رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے بھی بہتر ہوگا۔

شمالی کوريا نے دھمکی آميز لہجے ميں کہا کہ امريکا اپنے اندرونی مسائل حل کرنے پر توجہ دے ورنہ خوفناک تجربے کیلئے تيار ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے چند روز قبل جنوبی کوریا سے ہاٹ لائن پر مواصلاتی رابطہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے امریکی محکمہ خارجہ نے مایوس کن اقدام قرار دیتے ہوئے اظہارِ افسوس کیا تھا۔

Tabool ads will show in this div