طیارہ حادثہ:ملبےکی منتقلی کاکام مکمل

ہيوی کرين کی مدد سے اتارا گيا
Jun 10, 2020

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/06/PIA-Plane-Debris-KHI-PKG-10-06.mp4"][/video]

بائیس مئی کوحادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طيارے کا سارا ملبہ اُنيس روز بعد اُٹھا ليا گيا۔بدقسمت طيارے کا دوسرا انجن ايک مکان کی بالائی منزل سے ہيوی کرين کی مدد سے اتارا گيا۔

کراچی کی ماڈل کالونی کے جناح گارڈن میں پی آئی اے کے طیارہ حادثہ میں مشکل اور وزنی ترین پرزے اور حصے اٹھا لئے گئے۔ مکانات کے درمیان سے طیارے کا پراورانجن تکنیکی ماہرین کی موجودگی میں وزنی کرین کی مدد سے نکال لئے گئے، حادثے کے بعد کئی ٹن وزنی انجن سہہ منزلہ عمارت کی چھت پر پھسنا ہوا تھا۔ طیارےکا 17 میٹر طویل اور 5 میٹر چوڑا پر بھی مکان کے اندر دھنسا ہوا تھا۔پر کو نکالنے سے  مکان کے منہدم ہونے کا خدشہ تھا لہذا چھت کو ٹکڑوں کی صورت میں نکالا گیا۔

چھت، انجن اور پر اٹھانے کیلئے وزنی اوراونچی کرین کی ضرورت پڑی مگر راستہ تنگ، گنجان آباد اور بجلی کی تاروں کی وجہ سے بہت دشواری ہوئی۔ پی آئی اے نے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور نیول ڈاکیارڈ سے وزنی کرنیں اور دیگر مشینری منگوائی۔

پی آئی اے کی مدد کیلئے آرمی میکانائزڈ انجینئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے۔ سندھ رینجرز 42 ونگ نے پورے علاقے کو سیل کرکے ملبے کی منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا۔

تمام پرزوں کو کراچی ائیرپورٹ پر ایک محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں تحقیقاتی ٹیمیں ان کا جائزہ لیں گی۔ پی آئی اے نے کرینوں اور وزنی مشینری کو متاثرہ مکانوں کی چھتوں کو نکالنے کیلئے استعمال کیا۔

انجن کےاوپر موجود سریوں کے جال اور کانکریٹ کے جال کو ٹکڑوں کی شکل میں کاٹ کے انجن کو نکالا گیا۔

طیارے کے انجن کو گاڑی پر لاد کر ائرپورٹ پر موجود دیگر ملبے کے ساتھ جمع کردیا گیا۔ جائے حادثہ پر انجن منتقلی کے جائزے کے لیے اے اے آئی بی کی ٹیم بھی موجود رہی۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق طیارے کے مکمل ملبے کو جہاز کے اصل ڈیزائن کے مطابق ڈائیگرام کی شکل دی جائیگی۔ تحقیقاتی مکمل ہونے کے بعد پی آئی اے طیارے کے کاک پٹ،وائس ریکارڈ اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ بھی ڈی کوڈ کرنے کے بعد پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔ وزارت ہوا بازی ابتدائی رپورٹ 22 جون کو پیش کرے گی۔

Tabool ads will show in this div