بڑے ناموں کا ٹیم کےساتھ ہونےکا فائدہ ہوگا،مشتاق احمد
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بالنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھا کر کاميابی حاصل کرنے کی کوشش کرينگے۔
لاہور میں بدھ کو قومی ٹیم کے نومنتخب اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے ویڈیو لنک کانفرنس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں، ہرکھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنے تجربے سے نوجوانوں کو آگاہ کرے۔
مشتاق احمد نے بتایا کہ مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ میں شکست دینے والی ٹیم کے ساتھ بھی کام کرچکا ہوں،انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھا کر کاميابی حاصل کرنے کی کوشش کرينگے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ اس وقت کھلاڑیوں کو تجربہ کی ضرورت ہوگی،کرکٹ بالکل نئے انداز میں ہونے جا رہی ہے جو پہلےکبھی نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں تجربہ کار فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے،پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی،نسیم شاہ،محمد عباس بہت اچھا پرفارم کررہے ہیں۔
ٹیم کے کوچنگ یونٹ سے متعلق مشتاق احمد نے کہا کہ اس اہم دورے کيلئے یونس خان کی تعیناتی بہت اہم ہے، بڑے ناموں کا ٹیم کے ساتھ ہونے کا فائدہ ہوگا، ہم سب ایک ساتھ مل کرکام کریں گے تو فائدہ پاکستان کا ہوگا۔