ماسک نہ پہننے پر سزا دی جائے گی، ظفر مرزا
مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں کہ تمام پبلک جگہوں پر ماسک پہننا بہت ضروری ہے اور ماسک نہ پہننے پر سزا دی جائے گی۔
اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ماسک نہ پہننے پر سزا کا تعین صوبائی حکومتیں کریں گی جبکہ جہاں جہاں ايس او پيز کا احترام نہيں ہوگا وہاں ايکشن ہوگا اور ايس او پيز پر عمل درآمد کےلئے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماسک کا استعمال کرونا کی روک تھام ميں معاون ہے اس لیے عوام سے اپيل ہے ماسک ضرور پہنيں اور احتياط کريں کیونکہ 40 سے 60 فيصد تک بيماری کو ماسک پہن کر روکا جا سکتا ہے۔ کرونا وبا کی صورت حال میں ہمیں اپنے رویے بھی تبدیل کرنا ہوں گے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ 74 فيصد افراد جو مرے وہ پہلے سے بيمار تھے جبکہ 36 فيصد افراد کو کرونا نے براہ راست متاثر کيا۔ انہيں زيابطيس تھی يا بلڈ پريشر تھا اور ايک سے زيادہ بيمارياں تھيں۔ پہلے سے بیمار افراد کا کرونا سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرونا کے حوالے سے گائيڈ لائنز جاری کی گئيں جبکہ حکومت کرونا کےخلاف مربوط حکمت عملی سے کام کر رہی ہے۔ بزرگ اور معمر افراد کو کرونا کے حوالے سے گائيڈ لائنز بتائيں کیونکہ ہميں بيمار اور بزرگوں کے لئے خاص احتياط کرنی ہے۔
مشیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان ميں 5 ہزار سے زائد اسپتالوں ميں داخل ہيں اور 5 ہزار ميں سے 262 افراد وينٹی ليٹرز پر ہيں۔ پاکستان ميں 2002 لوگ انتقال کر چکے ہیں جبکہ ملک ميں اوسط روزانہ 75 اموات ہو رہی ہیں۔