لاک ڈاؤن کےبعدپہلی کرکٹ سیریزویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کےمابین ہوگی

کرونا وائرس کے بعد بنتی موجودہ صورت حال اور لاک ڈاؤن کے بعد پہلی کرکٹ سیریز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز ٹٰیم اگلے ماہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کا آغاز کرے گی۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مطابق ویسٹ انڈیز کا اسکوڈ 8 جون کو پرائیوٹ جیٹ پر انگلینڈ روانہ ہوگا۔ دورہ انگلینڈ کیلئے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 25 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، جس میں 14 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ 11 ریزورز کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
جیسن ہولڈر کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، تاہم تین کھلاڑی ڈیرن براوو، شمرن ہٹ میئر اور کیمو پال نے انگلینڈ کا دورہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ دیگر منتخب اسکواڈ کرونا ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ روانہ ہونگے، کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ رواں ہفتے ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز کا اسکوڈ 8 جون کو پرائیوٹ جیٹ پر انگلینڈ روانہ ہوگا۔ 3 ہفتوں کے قرنطینہ پریڈ اور ٹریننگ سیشنز کے بعد مہمان ٹیم مانچسٹر سے ساوتھ ہمپٹن پہنچے گی جہاں جولائی میں پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کا شیڈول
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کی کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 سے 12 جولائی تک ہمپشائر کے روز باؤل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائےگا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کے ڈائریکٹر آف ایونٹ اسٹیو ایل وردی کا کہنا ہے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر کی ساتھ سیریز کا انعقاد ہمارا مقصد ہے لیکن میچز کے انعقاد سے قبل حکومت کی اجازت درکار ہوگی۔
پاکستان کا دورہ انگلینڈ
خیال رہے کہ پاکستان کو بھی اگست ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور وہاں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ انتائی اہم ہے اور اس سے کورونا کی موجودگی میں سیریز کے انعقاد کی تیاریوں کا اندازہ ہوجائے گا۔