طیارہ حادثہ:میتوں کی شناخت کاعمل 24گھنٹوں میں مکمل ہوجائےگا

انتہائی پیچیدہ عمل تھا
May 31, 2020

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کے مسافروں کی میتوں کی شناخت کا عمل اگلے 24 گھنٹے میں مکمل کرلیا جائے گا۔

جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کی میتوں کی شناخت کا انتہائی پیچیدہ عمل تھا۔سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل)، جامعہ کراچی کے تحت اس کام کو آئندہ24گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ 37 ڈی این اے رپورٹس محکمہ سندھ پولیس کو ارسال کردی گئی ہیں۔

چوبیس گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن میں 20 سائنسدان اور رضا کار شامل رہے۔ایس ایف ڈی ایل کے تیارکردہ اعداد وشمار کے مطابق اب تک ایس ایف ڈی ایل کوحادثے کے شکار مسافروں کے لواحقین کے(67)نمونے موصول ہوئے جبکہ پولیس سے مرنے والوں کے(69)نمونے موصول ہوئے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت اس جدید ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں آیا تھا، یہ سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور پاکستان میں دوسری فرانزک لیبارٹری ہے جسے جمیل الرحمن سینٹر فار جینومکس ریسرچ میں قائم کیا گیا ہے۔

Tabool ads will show in this div