اسلام آباد : سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کہیں سنجیدہ قسم کی شکایت نہیں ملی، پاک فوج نے پنجاب پولیس، سیاسی جماعتوں اور میڈیا نے پُرامن انتخابات کے انعقاد میں اہم کردار نبھایا۔
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے معرکے کے دوران الیکشن کمیشن چوکس رہا، انتخابی عمل صاف و شفاف قرار دیا، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتا دیا کہ کسی قسم کی سنجیدہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ ضمنی انتخابات میں سوچ سمجھ کر آراوز اور ڈی آروز تعینات کیے گئے، این اے ایک سو بائیس کے ریٹرننگ افسران کا تعلق مظفر گڑھ اور ڈی آر اوز کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہربنوں سے ہے، جب کہ اوکاڑہ کے آراوز کا تعلق کوئٹہ اور ڈی آر اوز کا تعلق ساہیوال سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تینوں حلقوں میں ضمنی انتخابات خوشگوار ماحول میں ہوئے، پرامن انتخابات کے انعقاد میں فوج اورپنجاب پولیس نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے بتایا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، عوام کی جانب سے معمولی نوعیت کی پنتیس شکایات موصول ہوئیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابات سے ایک روز قبل وزیر اعظم کی پریس کانفرنس سے متعلق تحریک انصاف کا خط ملا ہے۔ سماء