بھارت کے ہیرو پلیئر بلبیر سنگھ انتقال کرگئے

بھارتی ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی بلبیر سنگھ 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے شاندار کھیل سے بھارت کو 3 اولمپک گولڈ میڈل جتوائے۔
اہل خانہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بلبیر سنگھ کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور حال ہی میں انہیں دل کے 3 دورے بھی پڑ چکے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کچھ روز قبل طبیعت کی ناسازی کے باعث انہیں چندی گڑھ اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔
بلبیر سنگھ کو بھارتی ہاکی کے سنہری دور کا ایک بڑا ہیرو قرار دیا جاتا ہے۔ مقامی میڈیا ان کو بھارتی کھیلوں کی دنیا کا ایک عظیم کھلاڑی بھی قرار دیتا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہاکی کے کھیل میں ان جیسا کھلاڑی دوبارہ پیدا نہیں کیا۔
بلبیر سنگھ نے سن 1948 کے لندن اولمپکس، سن 1952 کے ہیلسنکی اولمپکس اور سن 1956 کے میلبورن اولمپک مقابلوں میں بھارت کو گولڈ میڈل جتوائے تھے۔ سن 1952 کے اولمپک فائنل میں ہالینڈ کے خلاف انہوں نے انفرادی سطح پر 5 گول کیے تھے، جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔

بلبیر سنگھ اس بھارتی ہاکی ٹیم کے بھی کپتان تھے، جس نے برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے ایک سال بعد یعنی سن 1948میں لندن اولپمک مقابلوں میں ہاکی کے فائنل میں اپنی سابق نوآبادی حاکم ریاست برطانیہ کو شکست دی۔