لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پرنظرثانی کرسکتے ہیں، ظفرمرزا

عید کے دوران ایس اوپیزپر عملدرآمد نظر نہیں آرہا، مشیرصحت
May 26, 2020

عید کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر بالکل بھی عملدرآمد نہیں کیا، ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے، عید کے فوری بعد حالات کا از سر نو جائزہ لیں گے، ایس او پیز پر عملدرآمد نظر نہ آیا تو لاک ڈاؤن کے فیصلے پر ہمیں نظر ثانی کرنی پڑے گی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان اور دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بیماری بڑھ رہی ہے، کیسز اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، عید کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران شہریوں کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا اور نہ ہی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا، اگر احتیاط نہ کی تو کیسز اور اموات میں مزید اضافہ ہوگا، پاکستانیوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ احتیاطی رویہ نہ اپنایا تو سانحے جیسی صورتحال کی طرف چلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں 55 لاکھ کیسز کی تصدیق ہوچکی، تین لاکھ 47 ہزار اموات ہوچکیں، دنیا بھر میں 42 فیصد لوگ مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ بتدریج ٹیسٹنگ بڑھا رہے ہیں، مطلوبہ حد تک نہیں پہنچ سکے، مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار سے زائد ٹیسٹ ہوچکے ہیں، 56 ہزار 349 مثبت رپورٹس آئیں، جو 11 فیصد بنتا ہے، موجودہ دنوں میں کیسز کی شرح زیادہ ہے، 31 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، 37 ہزار 700 ایکٹو کیسز ہیں، تقریباً 90 فیصد لوگوں کو معمولی یا معمولی سے کچھ زیادہ بیماری ہے، 4 ہزار 365 مریض مختلف شہروں کے اسپتالوں و قرنطینہ مراکز میں داخل ہیں، 112 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہزار 157 افراد کرونا وائرس سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 34 اموات ہوئیں، یقیناً کیسز اور اموات ہمارے تخمینوں سے کم ہیں تاہم اب بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔

مشیر صحت نے شہریوں پر زور دیا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ ختم ہونے کی سوچ غلط فہمی ہے، ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے، عید کے فوری بعد حالات کا از سر نو جائزہ لیں گے، ایس او پیز پر عملدرآمد نظر نہ آیا تو لاک ڈاؤن کے فیصلے پر ہمیں نظر ثانی کرنی پڑے گی۔

ظفر مرزا نے عوام سے اپیل کی کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کا سبب بنیں، اسے پھیلانے کا نہیں، سماجی فاصلوں کا خیال رکھیں، ماسک پہنیں اور ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

ZAFAR MIRZA

Tabool ads will show in this div