این اے 122 ضمنی انتخاب؛ پی ٹی آئی اور ن لیگ کارکنان میں جھڑپیں
لاہور : این اے 122 میں کئی مقامات پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے، کہیں گتھم گتھا اور ہاتھا پائی ہوئی تو کہیں کرسیاں چل گئیں، سیکیورٹی فورسز نے کشیدگی کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔
لاہور کے حلقہ این اے 122 کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، بات ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی سے شروع ہوئی جو ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
لاہور کے علاقوں بوہڑ والا چوک، بستی سیدن شاہ، شادمان، سمن آباد، گڑھی شاہو اور علامہ اقبال روڈ پر پی ٹی آئی کے ٹائیگرز اور پی ایم ایل این کے متوالے آپس میں الجھ پڑے، ہاتھا پائی کے بعد ایک دوسرے پر کرسیوں سے حملے کئے، پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بستی سیدن شاہ اور سمن آباد میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی مزید نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
پولنگ اسٹیشن نمبر 252 پر بھی پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں تصادم ہوا، کارکنوں کی ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی، پولیس کے بیچ بچاؤ کرانے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کیخلاف بھی نعرے بازی کی، فوجی جوانوں کی آمد پر کارکنان منتشر ہوگئے۔
این اے 122 میں باجا لائن پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی اور ن لیگی خواتین بھی الجھ پڑیں، ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ سماء