اندرونِ ملک پی آئی اےکے فلائٹ آپریشن کاآغاز
اندرون ملک پروازوں کی بحالی کی اجازت ملنے کے بعد جناح انٹرنینشل ائیرپورٹ کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 8304 روانہ ہوگئی ہے۔ طیارے میں 84 مسافر سوار تھے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج بروز ہفتے سے اندرون ملک فضائی آپریشن بحالی کا باقاعدہ نوٹم جاری کیا تھا۔
سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کی پروازیں کراچی،لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے چلائی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ائیر پورٹ سے 4 اور کوئٹہ ائیرپورٹ سے ہفتےمیں 8 پروازیں چلیں گی جبکہ اسلام آباد اورعلامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور سے ہفتے میں 32 پروازیں چلیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق جناح ائیرپورٹ کراچی سے ہفتے میں 68 پروازیں چلیں گی۔ پی آئی اے اور سیرین ایئرلائنز کو اندرون ملک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
مسافروں اورعملےکیلئے ایس او پیزبھی جاری کردئیےگئے ہیں۔تمام مسافروں کی تھرمل اسکیننگ ہوگی اورہرمسافر کیلئے ماسک کا استعمال بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کےدرمیان ایک سیٹ خالی رکھی جائے گی۔کرونا علامات والے افراد کے سفر پر پابندی ہوگی۔
کراچی سےلاہور ہفتےکو جانے والی پرواز ہی لاہور سے کراچی واپسی کی شام 4 بجے روانہ ہوگی۔ترجمان پی آئی اے کےمطابق پروازوں کی بکنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔

ادھرکراچی ايئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کے انتظامات مکمل تھے۔مسافروں کی آگاہی کيلئے علامتی نشانات اورپوسٹرز آويزاں کردئیے گئے ۔لاؤنج ميں مسافروں ميں فاصلے کيلئے نشانات لگاديئے گئے۔مسافروں کوکم ازکم 2ميٹرفاصلہ رکھنا ہوگا۔





واضح رہے کہ 2 روز قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نےانٹرنیشنل فلائٹ کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی ہے۔ سی اےاے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کردیا ہے۔انٹرنیشنل پروازیں 31مئی تک رات 11بجکر59منٹ تک بند رہیں گی۔ حکومت نے15مئی تک انٹرنیشنل فلائٹ پر پہلے ہی پابندی عائد کی تھی جس میں مزید16 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ خصوصی پروازوں اورچارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے ائیرپورٹس سے بین الاقومی فضائی آپریشن کی بندش میں توسیع کی گئی ہے۔