شائقین کرکٹ کیلئے اپنے خوابوں کی جوڑیاں بنانے کا موقع

پی سی بی کی مہم کا آغاز
Apr 29, 2020

‏پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے مداحوں کے لیے ایک ایسی پرجوش مہم کا آغاز کررہا ہے جہاں شائقینِ کرکٹ کو اپنے خوابوں کی پسندیدہ جوڑیاں بنانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ یہ مہم 29 اپریل بروز بدھ دوپہر 2 بجے سے شروع ہوگی۔

اس مہم کے تحت مداحوں کو بیٹنگ (اوپنرزاور مڈل آرڈرز)اور باؤلنگ ( فاسٹ باؤلر زاور اسپنرز) میں اپنی پسندیدہ ٹیسٹ کرکٹ جوڑیوں کے انتخاب کا موقع دیا جارہا ہے جو فیس بک، ٹوئیٹر اور انسٹاگرام پر اپنی پسندیدہ جوڑیاں بناکر اس مہم کا حصہ بن سکتے ہے۔ مہم کے اختتام پر مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ  وکٹ کیپر کے انتخاب کا موقع بھی دیا جائے گا۔

کھیل کے سب سے معتبر فارمیٹ (ٹیسٹ کرکٹ) میں پاکستان نے بہت سے عظیم ستارے اور لیجنڈز پیدا کیے ہیں۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں کے نام ایک مخصوص پوزیشن پر ان کے رنز بنانے اور وکٹیں حاصل کرنے کی تعداد کی بنیاد پر شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔

اوپننگ بیٹسمین ( پہلی اور دوسری پوزیشنز) کے لیے ایک ہزار ٹیسٹ رنز بطور اوپنرز

مڈل آرڈر بیٹسمین ( تیسری سے ساتویں پوزیشنز) کے لیے اڑھائی ہزار ٹیسٹ رنز بطور مڈل آرڈر بیٹسمین

فاسٹ باؤلرز کے لیے کم از کم 75 ٹیسٹ وکٹیں

اسپنرز کے لیے کم از کم 75 ٹیسٹ وکٹیں

وکٹ کیپرز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں کم از کم 50 شکار

ماضی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عمدہ بلے باز اور 24 سنچریاں بنانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ یہ پی سی بی کی جانب سےاٹھایا گیا ایک شاندار قدم ہے جو ہمارے نوجوان اور پرجوش مداحوں کو کھیل کے لیجنڈز سے آگاہی کے ساتھ ساتھ ان آزمائشی اوقات میں گھروں میں رہتے ہوئے مصروفیت کا ایک موقع فراہم کررہا ہے۔

پاکستان میں کھیلے گئے تینوں ٹیسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے قومی ٹیسٹ کرکٹر بابراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں بہت سے ایسے ٹیسٹ بلے باز پیدا کیے ہیں جو ہوم اینڈ اوے کنڈیشنز سے قطع نظر، پیس اور اسپن دونوں طرح کی باؤلنگ کے سامنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے۔

بابراعظم  نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد یوسف اور یونس خان پر مشتمل جوڑی ان کی پسندیدہ ہے۔ یوسف بھائی کی اسکلز اور کلاس جبکہ یونس بھائی کے کبھی بھی ہار نہ ماننے والے مائنڈ سیٹ سے ہمارے جیسے کرکٹرز نے بہت کچھ سیکھا اور دونوں سابق کرکٹرز کے تجربے سے سیکھنے کا یہ عمل جاری رہے گا۔

اپنی شاندار اسپن باؤلنگ سے متعدد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کو کامیابیاں دلانے والے سابق کرکٹر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اکثر کہا جاتا ہے کہ باؤلرز جوڑیوں کی صورت میں شکار کرتے ہیں اور ہم نے میدان میں ایسا دیکھا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کے چند بہترین اسپنرز کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا موقع ملا اور وہ ان کے ساتھ مل کر پاکستان کو فتوحات دلانے میں کامیاب بھی رہے۔

سابق ٹیسٹ اسپنر نے کہا کہ اگر ان سے پوچھا جائے تو وہ لیجنڈری باؤلر مرحوم عبدالقادر کے ساتھ باؤلنگ کرنا پسند کرتے۔ عبدالقادر مرحوم ایک عظیم لیگ اسپنر تھے۔

Tabool ads will show in this div