پرویز رشید کا عمران خان پر یہود و ہنود سے رقوم لینے کا الزام
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 2013ء کے الیکشن میں حصہ لینے کا حق دھاندلی سے حاصل کیا، پی ٹی آئی نے نا صرف یہودیوں، ہندوؤں اور سکھوں سے چندہ لیا بلکہ اس رقم کو الیکشن کمیشن اور عوام سے چھپایا بھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ اکبر بابر ایس احمد کو عمران خان کی کرپشن کے حقائق سامنے لانے کیلئے 13 ماہ جدوجہد کرنا پڑی، پی ٹی آئی غیرملکیوں کی فنڈنگ سے چلتی ہے، الیکشن کمیشن نے تسلیم کیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی فنڈنگ کا کیس سنے گا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کو بیرون ملک سے یہودیوں، ہندوؤں اور سکھوں سے فنڈنگ ملی، عمران خان نے غیرملکی چندہ الیکشن کمیشن اور عوام سے چھپایا، انہیں تمام سوالوں کا جواب دینا ہوگا، امریکی محکموں میں پی ٹی آئی کپتان نے فنڈنگ کی وصولی کا اعتراف کیا، عمران خان نے دھاندلی سے 2013ء کے الیکشن میں حصہ لینے کا حق حاصل کیا۔
پرویز رشید مزید بولے کہ کپتان نے چینی صدر کا دورہ رکوانے کیلئے دھرنا دیا، عمران خان پاکستان دشمنوں کے آلہ کار ہیں، انہوں نے پاکستان دشمنوں سے پیسے جمع کئے، محب وطن عوام نے پاکستان دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے۔ سماء