عمران خان کی نواز شریف پر کرپشن کے الزامات، انتخابی دھاندلی پر دھمکی
لاہور : این اے 122 کا ضمنی انتخاب اہمیت اختیار کرگیا، عمران خان نے وڈے حلقے کی وڈی سیٹ کیلئے سردھڑ کی بازی لگادی، آج ایک بار پھر وزیراعظم اور حکومت پر کرپشن کے الزامات لگائے اور دھاندلی کی صورت میں دھمکی بھی دے ڈالی۔ بولے کہ نواز شريف کی مالی بدعنوانيوں کی وجہ سے ملک ميں بجلی کا بحران جاری ہے، نندی پور منصوبے کا آڈٹ ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے کرایا جائے۔
لاہور ميں پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نندی پور سميت متعدد بجلی کے منصوبوں ميں اربوں روپے کا غبن ہوا، اربوں روپے بغیر آڈٹ کے جاری کئے گئے، ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے منصوبے کا آڈٹ کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تحريک انصاف وفاقی سطح پر برسر اقتدار آگئی تو خيبر پختونخوا کی طرح کا آزاد اور خود مختار احتساب بيورو بنايا جائے گا جو تمام بدعنوان عناصر کیخلاف کارروائی کرے گا۔
پی ٹی آئی کپتان نے کہا کہ پی آئی اے کو 6 روز میں 40 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، شاہد خاقان کی ایئرلائن نے مہنگے ٹکٹوں سے 9 کروڑ روپے کمالیے، ایل این جی منصوبہ بھی بہت بڑا فراڈ ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کو مضبوط کرسکتا ہے مگر اسے بھی اپنے کاروبار اور سیاست کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ سماء