شہری رمضان کے دوران اجتماعات سے گریز کریں، ڈاکٹرظفرمرزا

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پورٹل پر رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، چین نے پاکستان کو ویکسین کے ٹرائل کا حصہ بننے کی پیشکش کی ہے تاہم آئندہ چند ماہ تک ویکسین دستیاب نہیں ہوسکتی، شہری رمضان المبارک کے دوران اجتماعات سے گریز کریں۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وباء کے حوالے سے ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تو بیماری تیزی سے پھیلے گی، "یارانِ وطن" پورٹل پر رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اس کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹرز کو مواقع فراہم کررہے ہیں، ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے ملک میں موجود ڈاکٹرز خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چین نے پاکستان کو ویکسین کے ٹرائل کا حصہ بننے کی پیشکش کی، آئندہ چند ماہ میں پاکستان میں ویکسین دستیاب نہیں ہوسکتی، ویکسین کی تیاری کیلئے دنیا بھر میں کام ہورہا ہے۔
ظفر مرزا نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں مخصوص احتیاط اختیار کرنا ضروری ہے، رمضان میں رش والی جگہوں پر نہ جائیں، عوام مساجد میں جانے سے گریز اور گھر پر عبادات کریں۔
معان خصوصی صحت نے کرونا کیسز اور دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرچکے، اس وقت مجموعی طور پر 11 ہزار 940 کنفرم کیسز ہیں، 24 گھنٹوں میں 785 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے پنجاب میں 279 کیسز کی تصدیق ہوئی، سندھ 274، خیبرپختونخوا 167، اسلام آباد 9 اور گلگت میں 7 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں مزید 16 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، کرونا وائرس کا شکار ہونیوالے 256 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب 5046، سندھ 4232، خیبرپختونخوا میں 1708، بلوچستان 656، اسلام آباد 223، گلگت بلتستان 307 اور آزاد کشمیر میں 55 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔