انتظامیہ اور ورکرزیونین کے مذاکرات کامیاب، یوٹیلٹی اسٹورز کھلنا شروع

کئی مطالبات کی منظوری کے باوجود ملازمین نے دوبارہ ہڑتال کی

انتظامیہ اور ورکرز یونین کے کامیاب مذاکرات کے بعد ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے۔ ملازمین کو بقایا جات کی ادائیگی کیلئے قسطوں کا پلان تیار کیا جائے گا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین نے کئی مطالبات مانے جانے کے باوجود ہڑتال کردی تھی، جس کے بعد ملک کے بیشتر اسٹورز کی بندش پر عوام کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ورکرز یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے۔ مذاکرات میں ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے قسطوں کا پلان تیار کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

اس سے قبل انتظامیہ نے ورکرز یونین کے کئی اہم مطالبات مان لیے تھے تاہم 24 گھنٹے بعد ہی ملازمین نے ایک بار پھر ہڑتال کرکے تمام یوٹیلٹی اسٹورز بند کردیئے تھے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز سے گزشتہ روز مذاکرات میں ڈیلی ویجرز کی تنخواہ 2500 روپے اضافے سے ساڑھے 17 ہزار کردی گئی تھی، تنخواہوں میں 2019ء کے دوران اعلان کردہ اضافے کی قسط وار ادائیگی بھی طے ہوئی تھی۔

گزشتہ روز کے مذاکرات میں شہید ملازمین کے ورثاء کیلئے معاوضے اور رمضان میں اعزازیے کا مطالبہ بھی منظور کرلیا گیا تھا۔

تاہم ملازمین نے اگلے ہی روز ڈیلی ویجرز کی مستقلی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے ایک بار پھر ہڑتال کردی۔

رمضان المبارک کی آمد سے صرف ایک روز قبل ملک بھر میں بیشتر یوٹیلٹی اسٹورز کی تالہ بندی پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے سخت پریشانی ہوئی۔

Utility Stores

Tabool ads will show in this div