زلمے خلیل زاد کا بھارتی وزیر خارجہ سے رابطہ

امریکی خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فونک رابطے میں خطے کی صورت حال، خاص طور افغانستان سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے مطابق امریکا کے خصوصی ایلچی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے اتوار کے روز بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
زلمے خلیل زاد نے گفتگو سے متعلق بتایا کہ بھارت کے وزیر خارجہ کے ساتھ افغان حکومت اور طالبان کی طرف سے قیدیوں کے رہائی کے عمل کو تیز کرنے، تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات کے جلد شرو ع کیے جانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے مرتب ہونے والے فوری اور طویل المدت اثرات بھی زیر بحث آئے۔ جے شنکر کو بتایا کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں میں امریکا بھارت کی شمولیت کا خیر مقدم کرتا ہے، جب کہ اس مقصد کیلئے وہ بھارت کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی خصوصی ایلچی نے گزشتہ ہفتے امریکی جنرل کے ہمراہ پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔