بھارتی فنکاروں پر عائد پابندی پر علی سیٹھی کا ردعمل
پاکستانی گلوکار علی سیٹھی کا فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلائیز کی جانب سے بھارتی فنکاروں پر لگائی گئی پابندی پر ردعمل سامنے آگیا۔
علی سیٹھی کی جانب سے انسٹاگرام پر لائیو سیشن منعقد کیا گیا جس میں انہوں نے پاکستان کی نامور گلوکارہ فریدہ خانم اور بھارتی گلوکارہ ریکھا بھردواج کو مدعو کیا، اس سیشن کے دوران بھارتی ہدایت کار ویشال بھردواج بھی جلوہ گر ہوئے جس پر علی سیٹھی کو تنقید کا نشانا بنایاگیا۔
بھارت میں لگائی جانے والی پابندی پر علی سیٹھی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں مجھے لوگوں کی جانب سے پیغامات موصول ہورہے کہ کسی بھارتی تنظیم نے اپنے فنکاروں پر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔
گلوکار کہا کہ اس حوالے سے مجھے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیوں کہ میں نے اس سب کی شروعات کیں جبکہ ہم ایسا نہیں سوچتے، یہ سیشن اچانک ہوا تھا، ہم نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، نہ ہی اس کے پیچھے ہمارا کوئی ایجنڈا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ موسیقی پر سرحدوں کا کوئی زور نہیں، ہم پوری دنیا کی موسیقی سنتے ہیں، لوگ ہمارے میوزک کو بھی سن کر پسند کرتے ہیں، یہ ایسی چیز ہے جسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔
یاد رہے کہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینما امپلائیز نے بھارتی موسیقاروں ، گلوکاروں اور آرٹسٹ کو تنبیہ کی ہے کہ وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کریں، پاکستانی فنکاروں کے ساتھ اشتراک کرنے والے موسیقاروں اور گلوکاروں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔