انشورنس بروکرز اور سرویئرز کے لائسنس میں 2ماہ کی توسیع

سیکیورٹیزاینڈایکسچینج کمیشن نے کروناسے پیداشدہ صورتحال کے باعث فیصلہ کیا
Apr 13, 2020

ملک میں کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات سے پیدا ہونیوالی صورتحال میں انشورنس بروکر، سرویئرز اور منظور شدہ سرویئنگ آفیسرز کو سہولت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے ان کمپنیوں کے لائسنس کی تجدید کی شرائط میں نرمی کا اعلان کر دیا گیا۔

ایس ای سی پی سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے تمام انشورنس ایجنٹ، سرویئرز اور منظور شدہ سروئئنگ آفیسرز جن کے لائسنس کی مدت 15 مارچ سے 15 مئی کے دوران ختم ہورہی ہے، ان کے لائسنس میں 2 ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، تاہم ان کمپنیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ لائسنس کی تجدید کیلئے اپنی درخواستیں 15 مئی تک جمع کروا دیں۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ لاک ڈاون کے دوران یہ کمپنیاں لائسنس میں توسیع کی درخواستیں کمیشن کو ای میل کے ذریعے بھی جمع کروا سکتی ہیں۔

ایس ای سی پی درخواست موصول ہونے پر انشورنس بروکروں اور سرویئرز کے لائسنس کی اسی تاریخ سے تجدید کی جائے گی جو کہ لائسنس کے معیاد کی آخری تاریخ ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ سہولت موجودہ حالات میں انشورنس سے متعلقہ کمپنیوں کے کاروبار کے تسلسل کو یقینی بنانے میں معاون ہوگی۔

Tabool ads will show in this div