سندھ:اب تک 389 مریض وائرس سےصحت یاب،مرادعلی شاہ

صحت یاب مریضوں کی شرح 28 فیصد
Apr 12, 2020

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 93 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جبکہ 2 اور مریض انتقال کرگئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 569 ٹیسٹ کئے گئے ، ان میں سے 93 کی تشخیص مثبت  آئی ہے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اب تک کیے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 13309 ہے جب کہ مثبت کیسز کی تعداد 1411 ہوگئی ہے،مجموعی طورپر وفات پانے والوں کی تعداد 30  یعنی 2.1 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 18 ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 389 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اوراپنےاپنے گھر واپس جاچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجموعی طور پر مثبت کیسوں کے مطابق صحت یاب مریضوں کی شرح 28 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مریضوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 645 افراد گھروں میں آٓئسولیشن میں ہیں،60 آٓئسولیشن سینٹرز میں اور992  صوبے کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 71 مریضوں کی عمریں 1تا10 سال،118 مریضوں کی 11تا20 سال ،311 مریضوں کی عمریں 21 تا30 سال  اور 260 مریضوں کی 31 تا40 سال ،196 مریضوں کی عمریں 41 تا50 سال اور226 مریضوں کی عمریں 51 تا60 سال ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ152 مریضوں کی عمریں 61 تا70 سال اور 47 مریضوں کی عمریں 71تا80 سال ہے جبکہ 5 مریضوں کی عمریں 81 تا 90 سال کے درمیان ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انفیکشن سے متاثرہ لوگوں کی عمریں بتا رہی ہے کہ  کوئی بھی  وائرس سے متاثرہوسکتا ہے،بہت ضروری ہے  کہ عوام  سماجی دوری اور لاک ڈاؤن کا خیال رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجموعی طورپر کرونا وائرس سے متاثرہ  مریضوں میں68.3  فیصد مرد اورمتاثرہ مریضوں میں 31.7 فیصد خواتین ہیں۔

Tabool ads will show in this div