وزیراعظم کی کسان پیکیج کی معطلی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کسان پیکیج کی معطلی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت کردی، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پیکیج کسی ایک حصہ کیلئے نہیں بلکہ ملک بھر کے کسانوں کیلئے ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اجلاس ہوا، اجلاس میں کاشتکاروں کو سہولیتں فراہم کرنے سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد روکنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے، کیونکہ پیکیج کسی ایک حصے کیلئے نہیں پورے ملک کے کسانوں کیلئے ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ سیاسی اور علاقائی وابستگی سے بالائے طاق ہوکر کسان پیکیج کا اعلان کیا گیا، اس پر تمام کسانوں کا حق ہے، پیکیج پر عملدرآمد نہ ہونے سے کاشتکار متاثر ہورہے ہیں، کسانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کررہے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے زرعی تحقیق اور پیداوار میں اضافے کیلئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی۔ سماء