
لندن : ایم کیو ایم قائد الطاف حسین منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں کل اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے پیش ہوں گے، یہ اس کیس میں اُن کی تیسری پیشی ہے جو پہلے جولائی میں ہونا تھی مگر اسے موخر کردیا گیا تھا۔
برطانیہ میں جاری منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی مدت ضمانت ختم ہوگئی، جس کے بعد اب الطاف حسین اسکاٹ لینڈ کے سامنے پیش ہونگے، ایم کیو ایم قائد کے ساتھ سرفراز مرچنٹ، محمد انور اور طارق میر بھی پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کا یہ کیس اُس وقت شروع ہوا جب اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے سلسلے میں ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ میں چھاپہ مارا تھا، چھ ستمبر دو ہزار بارہ کا یہ واقعہ تھا۔
ایم کیو ایم قائد کی رہائش گاہ اور لندن سیکریٹریٹ سے تقریباچھ لاکھ پاؤنڈ کی رقم برآمد ہوئی تھی، لندن میں اس قسم کے کیسز میں پانچ سو سے زائد افراد کی برطانوی شہریت منسوخ ہوچکی ہے، اگر اس بار ایم کیو ایم قائد نے پولیس کے جواب میں نو کمنٹ کہا اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس ٹھوس ثبوت ہوئے تو یہ بات ایم کیو ایم قائد کے خلاف جاسکتی ہے۔ سماء