
لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کا کہنا ہے کہ ادارے تباہ مگر شریف خاندان کے کاروبار اوپر چلے گئے، عوام ووٹ ڈالیں گے، ہم دھاندلی روکیں گے، کپتان نے این اے ایک سو بائیس کے انتخابات فوج کے زیر نگرانی کرانے کا بھی مطالبہ کردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا مںصوبہ بنایا ہوا ہے لیکن ہم نے اس دفعہ بھرپور تیاری کی ہے۔
لاہور میں این اے ایک سو بائیس کے سیاسی محاذ کیلئے ہونے والے جلسے سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پہلے دھاندلی کی اب وہی دوبارہ الیکشن کروا رہے ہیں، مسلم لیگ ن نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا مںصوبہ بنایا ہوا ہے لیکن ہم نے اس دفعہ بھرپور تیاری کی ہے، دھاندلی روکنے کیلئے ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہوگی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد سرور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دھاندلی روکنے کی تربیت دے رہے ہیں، اس موقع پر عمران خان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن نتائج لے کر جانے والی گاڑی میں بھی فوجی تعینات ہونا چاہیے، جب کہ پی ٹی آئی کارکن بھی ریٹرننگ افسران کی گاڑی کے پیچھے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ این اے 122 کے عوام گیارہ تاریخ کو دھاندلی کو شکست دیں، الیکشن کے دن تحریک اںصاف کے ووٹوں کا مسلم لیگ ن کے نوٹوں سے مقابلہ ہوگا، عوام گیارہ تاریخ کو میری خاطر نہیں بلکہ اپنے مستقبل کیلئے ووٹ ڈالنے نکلی، جب تک کرپشن ہوگی عوام غریب ہوتے رہیں گے، عوام ووٹ ڈالیں گے، ہم دھاندلی روکیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ نیپرا رپورٹ میں بھی چوری بے نقاب ہوئی، ادارے تباہ مگر شریف خاندان کے کاروبار اوپر چلے گئے، وزیراعظم بوئنگ777اپنے دورے پر لے جا رہے ہیں، بوئنگ777لے جانے سے پچیس کروڑ کا نقصان پہنچے گا، مغل اعظم نواز شریف پچیس کروڑ کا نقصان پہنچا رہے ہیں، جب تک کرپشن ہوگی عوام غریب ہوتے رہیں گے، نیب میں نواز شریف کے خلاف بارہ کیسز ہیں۔ سماء