حرمین شریفین کے احاطے میں نمازیوں کے داخلے پر پابندی

حرمین ایکسپریس بھی بند کردی گئی
Mar 21, 2020
فائل فوٹو

سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے تناظر میں حرمین شریفین کے بیرونی صحن میں عام نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

خلیجی خبر رساں ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی دونوں مساجد کے بیرونی صحنوں میں داخلہ اور نمازیوں کے نماز پڑھنے پر پابندی لگائی گئی ہے، تاہم حرمین شریفین میں نماز کی ادائیگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق حرم شریف اور مسجد نبوی میں نماز کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے مگر عام نمازی وہاں نماز نہیں ادا کرسکتے۔ مسجد میں موجود عملہ نماز باجماعت کی ادائیگی کو یقینی بنارہا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنا رہے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے حوالے سے جمعہ کی صبح یہ بیان جاری کیا گیا تھا کہ عارضی پابندی جمعہ 20 مارچ سے نافذ العمل ہوگی جس کا مقصد مہلک وبائی بیماری سے بچاؤ اور اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ حرمین شریفین کے بیرونی صحنوں میں زائرین کی آمد اور نماز کی ادائیگی کو معطل کیا گیا ہے تا کہ انہیں وبائی بیماری کے مہلک اثرات سے بچایا جا سکے۔

دوسری جانب جدہ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حرمین ایکسپریس 3 اپریل تک بند رہے گی۔

Tabool ads will show in this div