مردان میں کرونا وائرس سے ہلاکت کے بعد لاک ڈاؤن

درجنوں افراد قرنطینہ منتقل

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں کرونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کے بعد یونین کونسل منگا کے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ کسی کو علاقے سے نکلنے یا داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

یونین کونسل منگا سے تعلق رکھنے والا شخص گزشتہ روز مردان میڈیکل کمپلیکس میں ہلاک ہوا تھا جس کی ٹیسٹ رپورٹ 17 مارچ کو آئی جس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

حکومت نے لاک ڈاؤن کے ساتھ پوری یونین کونسل منگا کے مکینوں کے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اب 25 افراد کو عبدالولی خان یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ان افراد کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیے گئے ہیں جس کی رپورٹ  24گھنٹے بعد موصول ہوگی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص حال ہی میں عمرہ کرکے واپس لوٹا تھا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص نے علاقے کے رسم و رواج کے مطابق عمرہ سے واپسی پر پورے گاؤں کی دعوت کی تھی جس میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ دور دراز سے دوست احباب اور عزیز و اقارب بھی مبارکباد دینے آتے رہے اور وہ ان سے ملاقاتیں کرتا رہا۔

Tabool ads will show in this div