امامیہ کونسل نے گلگت میں مساجد بند کردیں

ہرقسم اجتماعات پر بھی پابندی
Mar 18, 2020

مرکزی امامیہ کونسل گلگت نے مرکزی جامع مسجد سمیت گلگت بلتستان میں تمام مساجد بند کرنے اور ہر قسم خوشی و غمی کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

مرکزی امامیہ کونسل گلگت سے جاری بیان کے مطابق قائد ملت جعفریہ و امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت آغا سید راحت حسین الحسینی اور مرکزی امامیہ کونسل گلگت بلتستان کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کرونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے فیصلہ کیا گیا کہ تاحکم ثانی جامع امامیہ مسجد گلگت اور مضافات کی تمام مساجد بند رکھے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی ہر قسم مذہبی اجتماعات، سماجی غمی و خوشی کے اجتماعات پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مہلک وائرس سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور بیرون ملک سے آںے والے افراد دوسرے لوگوں سے ملاقاتیں ہرگز نہ کریں۔

Tabool ads will show in this div