کراچی میں کروناکے4نئےکیسزسامنےآگئے،پنجاب میں دفعہ144 نافذ

محکمہ سندھ صحت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
اتوار 15 مارچ دن 4 بجے تک موصول اطلاعات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سندھ ميں کرونا وائرس کے مزيد 4نئے کيسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 3 افراد سعودی عرب سے کراچی پہنچے ہیں۔ ايک مقامی شخص ميں کرونا وائرس کی تصديق ہوئی ہے، مگر اس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ ميں کرونا وائرس سے اب تک 21 لوگ متاثر ہوئے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ 21 افراد میں سے 2 صحت یاب، جب کہ 19 زیر علاج ہیں۔
بلوچستان
دوسری جانب اتوار 15 مارچ کو جاری بلوچستان حکومت کے بیان کے مطابق صوبہ بلوچستان میں بھی کرونا وائرس کے 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد بلوچستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
پنجاب
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، 4 سے زيادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جب کہ تعلیمی اداروں ميں امتحانات اور اسپورٹس فيسٹيول نہيں ہوںگے، شادی ہالز اور مدارس کھولنے پر بھی پابندی رہے گی۔
دفعہ 144 کے تحت پابندی 3 ہفتے کے ليے ہے۔ ہينڈ سينيٹائزرز کی منافع خوری اور ذخيرہ اندوزی ممنوع قرار دی گئی ہے۔