خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

صوبائی حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کا اجلاس جمعہ کے روز اسپیکر کی زیر صدارت شروع ہوا۔
اجلاس میں اراکین نے متفقہ طور پر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے فیصلے کی توثیق کی۔تعلیمی ادارے 14 مارچ سے 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔
حکومتی اراکین کے مطابق صوبے کے تمام ٹیوشنز سینٹرز بھی 15 روز کیلئے بند رکھے جائیں گے، جب کہ جماعت 9 ویں اور 10 ویں کے امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے بھی فیصلے کی تصدیق کردی ہے۔ خیبر پختون خوا حکومت کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے گئے ہیں۔
کابینہ کے متفقہ فیصلے میں صوبے بھر میں ہونے والی تمام سرکاری تقریبات بھی ملتوی کردی گئی ہیں۔ جب کہ صوبے بھر کی جیلوں میں قید ہوئے قیدیوں کی ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے کمراٹ اور کلچرل فیسٹول بھی منسوخ کردیئے۔