کوروناپھیلاؤکےباوجود روضہ امام رضا پر حاضری جاری

ایران کے شہر مشہد مقدس میں واقع امام علی رضا رضی اللہ عنہ کے روضے پر زیارت کا سلسہ جاری ہے تاہم کورنا وائرس کے پھیلاؤکے پیش نظر زائرین کی حاضری پہلے کی نسبت ان دنوں تھوڑی کم ہے۔
روضہ امام رضا کے شعبہ تعلقات عامہ کے حسین یزدی نژاد نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ زائرین ان حالات میں بھی روضے پر حاضری کیلئے آ رہے ہیں اور ان کی معقول تعداد ہر وقت حرم میں موجود رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین میں پاکستانی بھی موجود ہیں۔


حسین یزدی نژاد نے کہا کہ وائرل بیماریوں کے پھیلاؤ کا سدباب کرنے کے لئے امام رضا کے روضے کے تمام حصوں میں بہت زیادہ احتیاطی تدابیراختیار کی گئی ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ آستان قدس کے مختلف حصوں بشمول تمام رواق اور ہال، صحنوں، حرم میں داخل ہونے والے تمام دروازوں، واش رومز، اطراف میں زائرین کی کھڑی ہوئی گاڑیوں اور خصوصاٰ آمد و رفت کی تمام جگہوں پر میکنیکل آلات اور مشینوں سے دن میں کئی کئی بار جراثیم کش مادوں کا بڑے پیمانے پر اسپرے کیا جاتا ہے۔

حسین یزدی نژاد نے مزید بتایا کہ داخلی راستوں پر زائرین کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جاتا ہے اور انہیں داخل ہونے سے قبل جراثیم کش لوشنز سے اپنے ہاتھ صاف کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔