کورونا وائرس سے پہلا پاکستانی اٹلی میں جاں بحق

ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کردی
Mar 11, 2020

دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں جاری ہیں، ترجمان دفتر خارجہ نے اٹلی میں مہلک مرض سے ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے انتہائی مہلک ترین وبائی مرض کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتیں 4380 تک پہنچ گئیں، جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 20 ہے، تاہم محکمہ صحت کے مطابق اب تک کوئی بھی مریض تشویشناک حال میں نہیں، متاثرہ تمام افراد مستحکم ہیں جبکہ ایک مریض صحتیاب ہوکر اسپتال سے فارغ بھی کیا جاچکا ہے۔

دفتر خارجہ نے پہلے پاکستانی کی اٹلی میں ہلاکت کی تصدیق کردی، ترجمان کا کہنا ہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونیوالا پاکستانی شہری روزگار کے سلسلے میں یورپی ملک گیا تھا۔

مزید جانیے : ستر فیصد آبادی کورونا کا شکار ہوسکتی ہے، جرمن چانسلر

ترجمان نے مزید بتایا کہ جاں بحق شخص دارالحکومت میلان سے 100 کلو میٹر دور شہر بریشیا میں مقیم تھا، میت کی حوالگی سے متعلق پاکستانی قونصل خانہ اطالوی حکام اور متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں 3158 ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں،  ایران میں بھی ہلاکتیں بڑھ کر 354 ہوگئیں جبکہ مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے آج ہونیوالوں ہلاکتیں 196 تک پہنچ گئیں جس کے بعد ملک میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 827 ہوگئی جبکہ آج 2 ہزار 313 نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز 12 ہزار 462 تک پہنچ گئے۔

جنوبی کوریا میں 60، اسپین میں 47، فرانس میں 33، امریکا میں 29 اور جاپان میں کورونا وائرس سے 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جرمنی، ڈائمنڈ پرنسس، سوئٹزر لینڈ، برطانیہ، نیدر لینڈز، سویڈن، بیلجیئم، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، کینیڈا، عراق، لبنان، سان مرینو، مصر، تھائی لینڈ، فلپائن، تائیوان، انڈونیشیا، آئر لینڈ، ارجنٹائن، البانیا، بلغاریہ، مراکش اور پاناما میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔

تفصیلات جانیں : کورونا وائرس سے ہلاکتیں 4 ہزار سے بڑھ گئیں

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کورونا وائرس کو عالمی وباء قرار دے دیا، عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ جنوری میں منظر عام پر آنیوالی بیماری کی ویکسین کی تیاری میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

قطر میں ایک دن میں کورونا کے 238 نئے کیسز رپورٹ

قطر میں جہاں اب تک کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 24 تھی بدھ 11 مارچ کو238 نئے کیسز سامنے آگئے۔ قطر کے صحت کے وزیر نے اعلان کیا ہے کہ ان نئے کیسز سمیت ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 262 ہوگئی ہے۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ تمام نئے کیسز باہر پبلک سے نہیں آئے بلکہ یہ قرنطینہ میں ہی پائے گئے ہیں۔ قطر میں کورونا وائرس سے اب تک کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے تاہم وہاں تمام جامعات، اسکولز بند کردیئے گئے ہیں اور عوامی تقاریب منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ 14 ممالک سے مسافروں کی آمد پر بھی پابندی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگری میں کورونا وائرس کے باعث ایمرجنسی نافذ

علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر کال کریں

اگر آپ پر کروانا وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو 99203443-021، 99204405-021  پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت کے دفتر میں حکام کال وصول کریں گے اور آپ سے چند بنیادی سوال کرنے کے بعد آپ کو ایک مخصوص ڈاکٹر کا رابطہ نمبر دیں گے۔

دوسرے مرحلے میں آپ ڈاکٹر کو کال کریں جو آپ سے مکمل معلومات لینے کے بعد آپ کو ٹیسٹ کیلئے بلائے گا۔ اگر ڈاکٹر یہ سمجھے کہ آپ کو ہنگامی مدد کی ضرورت ہے تو محکمہ صحت کی ٹیم فوری آپ کے پاس پہنچ جائے گی۔

جب آپ ڈاکٹر کو کال کریں گے تو وہ آپ سے نام، فیملی نام، ایڈریس، علامات اور ان کی شدت سے متعلق معلومات لیں گے۔ اس کے ساتھ آپ کی ٹریول ہسٹری اور ان لوگوں کی ٹریول ہسٹری بھی پوچھیں گے جن سے آپ نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہوگی۔

CORONAVURIS

Tabool ads will show in this div