عذرا پچوہو اسکریننگ کیمپ کا جائزہ لینے ایئرپورٹ پہنچ گئیں

سندھ کی وزیر صحت عذرا پچوہو نے محکمہ صحت کے حکام کے ہمراہ اسکریننگ کیمپ لگانے کیلئے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ایئرپورٹ منیجر نے صوبائی وزیر اور سیکریٹری صحت کو کورونا وائرس سے بچاوٴ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی ٹریول ہسٹری اور ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم لازمی وصول کئے جارہے ہیں۔
صحت عذرا پچوہو نے ایئرپورٹ حکام کو ہدایت کی کہ اسکریننگ کیمپ لاؤنچ کے باہر لگایا جائے تاکہ مسافر جیسے ہی جہاز سے اتریں، ان کی اسکریننگ کا عمل جلد از جلد ہوسکے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت کو کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی ہدایت کی گئی تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق 60 نرسز 3 شفٹ میں ایئرپورٹ پر کام کریں گے۔ کسی بھی مشتبہ مریض کوفوری طورپراسپتال شفٹ کیاجائے گا۔
اجلاس میں سندھ حکومت نے پی ایس ایل کے میچز معمول کے مطابق منعقد کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈٰیم میں ہینڈ سینیٹائزرسمیت دیگر حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ میچ سے قبل اسٹیڈیم کی فیومیگیشن کی جائے گی۔ سیکیورٹی کےساتھ تھرمل اسکریننگ بھی جائے گی۔ سندھ حکومت تیار ہے۔ میچ اسی طرح ہوں گے جیسے ہوتے ہیں۔ ایران، چائنہ، اٹلی سے جوکچھ دن قبل آئے ہیں وہ آنے میں احتیاط کریں۔ اس میں ان کا اور سب کا فائدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تفتان کے راستے سندھ میں آنے والے 8000 میں سے 5000 افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔
علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہیلپ لائن پر کال کریں
اگر آپ پر کروانا وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو 99203443-021، 99204405-021 پر رابطہ کریں۔ محکمہ صحت سندھ کے دفتر میں حکام کال وصول کریں گے اور آپ سے چند بنیادی سوال کرنے کے بعد آپ کو ایک مخصوص ڈاکٹر کا رابطہ نمبر دیں گے۔
دوسرے مرحلے میں آپ ڈاکٹر کو کال کریں جو آپ سے مکمل معلومات لینے کے بعد آپ کو ٹیسٹ کیلئے بلائے گا۔ اگر ڈاکٹر یہ سمجھے کہ آپ کو ہنگامی مدد کی ضرورت ہے تو محکمہ صحت کی ٹیم فوری آپ کے پاس پہنچ جائے گی۔
جب آپ ڈاکٹر کو کال کریں گے تو وہ آپ سے نام، فیملی نام، ایڈریس، علامات اور ان کی شدت سے متعلق معلومات لیں گے۔ اس کے ساتھ آپ کی ٹریول ہسٹری اور ان لوگوں کی ٹریول ہسٹری بھی پوچھیں گے جن سے آپ نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہوگی۔